کراچی: کلفٹن میں بینک کے باہر ڈکیتی، فائرنگ میں نوجوان جاں بحق، 25 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

کراچی: کلفٹن میں بینک کے باہر ڈکیتی، فائرنگ میں نوجوان جاں بحق، 25 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

کراچی کے علاقے کلفٹن میں بینک کے باہر ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، جبکہ ملزمان 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ بوٹ بیسن کے قریب پیش آیا، جہاں شہری بینک میں رقم جمع کروانے کے لیے پہنچے تھے۔ سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ اکاش، اس کے والد اور ایک ساتھی نے تین تلوار کے قریب واقع نجی بینک سے 50 لاکھ روپے نکلوائے تھے۔ایس ایس پی کے مطابق جب وہ رقم جمع کروانے کے لیے بوٹ بیسن کے ایک بینک کے باہر پہنچے تو مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور رقم چھیننے کی کوشش کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران بینک کے سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی، جس پر ملزمان نے بھی جوابی فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں نوجوان اکاش گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان 50 لاکھ روپے میں سے 25 لاکھ روپے پر مشتمل ایک بیگ لوٹ کر موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت کر کے انہیں جلد گرفتار کیا جا سکے۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔