حلیم عادل اور راجا اظہر کی موجودگی میں پولیس موبائل کو نذرِ آتش کیا گیا، ڈی ایس پی

حلیم عادل اور راجا اظہر کی موجودگی میں پولیس موبائل کو نذرِ آتش کیا گیا، ڈی ایس پی

کراچی کے علاقے مبینہ ٹاؤن میں پولیس موبائل کو نذر آتش کرنے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ، راجا اظہر اور دیگر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

 اس مقدمے میں مدعی ڈی ایس پی جمعہ دین نے عدالت کے روبرو اہم بیان ریکارڈ کرایا۔ڈی ایس پی نے عدالت کو بتایا کہ واقعے کے وقت حلیم عادل شیخ اور راجا اظہر موقع پر موجود تھے اور ان کی موجودگی میں پولیس موبائل کو آگ لگائی گئی۔ عدالت نے اس بیان پر استفسار کیا کہ آیا ملزمان کی شناخت پریڈ کرائی گئی؟ اس پر ڈی ایس پی نے جواب دیا کہ انہوں نے حلیم عادل شیخ کی تصویر واٹس ایپ پر دیکھ کر انہیں شناخت کیا۔سماعت کے دوران وکیل صفائی نے اعتراض اٹھایا کہ مقدمے میں کیس پراپرٹی کو سیل شدہ حالت میں عدالت میں جمع نہیں کرایا گیا۔ وکیل کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر نے دو یو ایس بی کیس پراپرٹی کے طور پر جمع کرائی تھیں، لیکن ان پر سیل نہ ہونے سے شفافیت پر سوالات اٹھتے ہیں۔عدالت نے وکیل صفائی کے اعتراض کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیشی افسر سے وضاحت طلب کرلی۔ مقدمے کی مزید سماعت 15 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔