پی ایس ایل کی مقبولیت میں ریکارڈ اضافہ، ابتدائی میچز نے اربوں شائقین کا دل جیت لیا

پی ایس ایل کی مقبولیت میں ریکارڈ اضافہ، ابتدائی میچز نے اربوں شائقین کا دل جیت لیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مقبولیت ہر گزرتے سیزن کے ساتھ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

معروف ڈیجیٹل تجزیاتی ادارے "ولی ٹیکنالوجی" کی رپورٹ کے مطابق، پی ایس ایل سیزن 10 نے دنیا بھر میں بے حد پذیرائی حاصل کی ہے اور اس کی ویورشپ نے عالمی کرکٹ میں اہم مقام حاصل کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، پی ایس ایل سیزن 10 کے ابتدائی تین میچز کو 40 کروڑ 70 لاکھ سے زائد شائقین نے پسند کیا، جبکہ ابتدائی 12 میچز 1 ارب 10 کروڑ سے زائد افراد نے دیکھے۔ اس کے علاوہ، اب تک کے 21 میچز سوشل میڈیا پر 1 ارب 40 کروڑ بار دیکھے گئے ہیں، جو کہ پی ایس ایل کی عالمی سطح پر مقبولیت کا واضح اظہار ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پی ایس ایل سیزن 10 کے ذریعے 1 کروڑ 29 لاکھ نئے شائقین کا اضافہ ہوا۔ سوشل میڈیا پر، صرف یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پی ایس ایل کے مواد کو 4 کروڑ 50 لاکھ افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے، جو کہ لیگ کی عالمی مقبولیت اور شائقین کے دلچسپی کی گواہی دیتا ہے۔

ولی ٹیکنالوجی کی رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر کے کرکٹ شائقین سوشل میڈیا پر پی ایس ایل کے مواد کو نہ صرف تلاش کر رہے ہیں بلکہ اس سے بھرپور لطف بھی اُٹھا رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی ونڈو کا آئی پی ایل کی ونڈو کے ساتھ ہونے سے اس کی ویورشپ اور سوشل میڈیا پر انگیجمنٹ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔پی ایس ایل کا عالمی سطح پر یہ بڑھتا ہوا اثر ثابت کرتا ہے کہ یہ لیگ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی کرکٹ میں ایک بڑی قوت بن چکی ہے۔