کھال بیرون ملک سمگل کرنیکی کوشش ناکام ،کسٹمز انفورسمنٹ کی کارروائی،چمڑے کی مصنوعات ظاہر کر کے چین بھیجا جا رہا تھا
کراچی (خصوصی رپورٹ)کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی نے گدھوں کی کھال بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کیرسک مینجمنٹ پروفائلنگ سسٹم پر تعینات عملے نے ساوٓتھ ایشیا پاکستان پورٹ ٹرمنل پر کلکٹریٹ آف کسٹمز ایکسپورٹ کے گرین چینل سے کلیئر شدہ کنٹینر نمبر SEGU-3154225 جس کی برآمدی دستاویزات میں چمڑے کی مصنوعات کے 285 پیکیجز ظاہر کئے گئے تھے، جسے میسرز Wow Trading کی جانب سے چین بھیجا جا رہا تھا، اس کنٹینر کے بحری جہاز پر منتقل کرنے کی اجازت ایکسپورٹ کلکٹریٹ کی طرف سے جاری کی جا چکی تھی۔ اس کنٹینر کو کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن ASO کے عملے نے روک کر تفصیلی جانچ پڑتال کی، جس کے نتیجے میں کنٹینر میں ظاہر کردہ چمڑے کی مصنوعات کی آڑ میں ممنوعہ 14000 کلو گرام گدھوں کی کھال برآمد ہوئی،جس کی برآمد پر حکومت پاکستان کی ایکسپورٹ پالیسی کے تحت پابندی ہے۔ ضبط شدہ گدھے کی کھالوں کی مالیت 8 کروڑ روپیہے۔ ضبط شدہ کھالوں کو کسٹمز کے عملے نے تحویل میں لے کر ضبط کرلیا، جسے اے ایس او کے گودام منتقل کردیا گیا۔ برآمد کنندہ کے خلاف کسٹمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ،مزید تفتیش جاری ہے۔ کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین وانی نے کامیاب کارروائی پر انفورسمنٹ کلکٹریٹ کے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہا اور تعریف کی۔