ایران جنگ کے باوجود ورلڈ کپ میچز امریکا میں ہی کھیلے گا:فیفا کا اعلان

ایران جنگ کے باوجود ورلڈ کپ میچز امریکا میں ہی کھیلے گا:فیفا کا اعلان

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے واضح کیا ہے کہ ایران اپنی فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکا میں ہی کھیلے گا اور انہیں کسی دوسرے ملک منتقل نہیں کیا جائے گا۔

انفانٹینو کے اس بیان کے بعد ان قیاس آرائیوں کو رد کرنے کی کوشش کی گئی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ ایران سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے میچز امریکا کے بجائے میکسیکو منتقل کروانا چاہتا ہے۔اس سے قبل ایرانی فٹبال فیڈریشن نے بھی تصدیق کی تھی کہ وہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر میچز کی منتقلی کے حوالے سے بات چیت کر رہی ہے۔ دوسری جانب میکسیکو کی صدر نے بھی عندیہ دیا تھا کہ ان کا ملک ایران کے ابتدائی میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔تاہم فیفا صدر نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ تمام میچز ڈرا کے مطابق ہی کھیلے جائیں گے اور کسی ٹیم کے لیے شیڈول تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی مشترکہ میزبانی امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کر رہے ہیں اور ٹورنامنٹ کا آغاز 11 جون سے ہوگا۔ ایران اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف لاس اینجلس میں کھیلے گا۔یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، جس پر ایران کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔فیفا نے اس معاملے پر زور دیا ہے کہ تمام ٹیمیں ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی اور فٹبال کو امن، کھیل کے فروغ اور عالمی یکجہتی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔