لاہور (ویب ڈیسک): اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال دیکھیں، محب وطن شہریوں پر مقدمات بنائے گئے ہیں۔
ہمارے رہنما بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور دیگر رہنماؤں جیسے اعجاز چوہدری جیلوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسیران جیلوں میں کیوں ہیں؟ ان کی واحد غلطی یہ ہے کہ انہوں نے پاکستان اور جمہوریت کے لیے آواز اٹھائی۔عمر ایوب نے کہا کہ بھارت جنگی مشقیں کر رہا ہے، جبکہ شہباز شریف نے تقریر کی کہ پاکستان اس واقعے میں ملوث نہیں ہے، لیکن بھارت کو جو پیغام جانا چاہیے تھا وہ نہیں گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جو کہا تھا کہ ہم بات بعد میں کریں گے لیکن پہلے اپنا وار کریں گے، اس بات پر عمل درآمد ضروری ہے تاکہ ہم بھارت کو واضح پیغام دے سکیں کہ اگر وہ پاکستان کی طرف آیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے ہمارے علاقے میں حملہ کیا تو ہم ان کے جنگی جہازوں کو تباہ کر دیں گے اور انہیں منہ توڑ جواب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو ہمیں واضح اور ٹھوس پیغام دینا چاہیے۔عمر ایوب نے اس کے بعد مزید کہا کہ جنہوں نے ہم پر تشدد کیا، ان کی تربیت مکمل ہو چکی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ ہم اپنے ویگو ڈالوں میں بم بارود باندھ کر بھارت کے ٹینکوں کے ساتھ ان کا مقابلہ کریں گے اور وہاں اپنی بہادری کا مظاہرہ کریں گے۔مذکورہ بیان میں عمر ایوب نے بھارت کے ساتھ کشیدہ تعلقات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے دفاعی عزم کا اعادہ کیا۔