غزہ کیلئے امدادی سامان و رضاکاروں کو لیجانے والے بحری جہاز پربمباری

مالٹا کے بین الاقوامی سمندر میں ڈرون کے ذریعے جہاز کے جنریٹر کو نشانہ بنایا گیا،فلاحی تنظیم نے ویڈیو شیئرکردی
غزہ (آئی این پی )غزہ کیلئے امدادی سامان اور رضا کاروں کو لیجانے والے بحری جہاز پر بین الاقوامی بحری راستے میں بمباری کر دی گئی۔غیر ملکی خبر رساںادارے کے مطابق بین الاقوامی فلاحی تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیژن کا کہنا ہے مالٹا میں بین الاقوامی پانی میں غزہ کے لیے امدادی سامان اور رضا کاروں کو لے جانے والے بحری جہاز پر ڈرون کے ذریعے بمباری کی گئی۔این جی او کی جانب سے آگ کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ حملہ کس نے کیا اور نا ہی فوری طور پر یہ پتہ چل سکا کہ حملے میں کوئی زخمی ہوا ہے یا نہیں؟۔فلاحی تنظیم کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملے کے ذریعے خاص طور پر بحری جہاز کے جنریٹر کو نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے 30 فلاحی ورکرز والا جہاز ڈوبنے کے خطرے سے دوچار ہے۔