وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری افراد کے جان و مال کا تحفظ ریاست کا فرض ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں غیر ملکی فوڈ چینز پر 20 کے قریب حملوں کے واقعات پیش آئے ہیں، جن میں پنجاب میں فوڈ چینز پر 12 ایف آئی آر درج ہوئیں اور 142 افراد گرفتار ہوئے۔ اسلام آباد میں بھی 2 واقعات رپورٹ ہوئے، جس میں 15 افراد گرفتار کیے گئے۔طلال چوہدری نے کہا کہ جب حملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا تو وہ معافی تلافی کرنے لگے، تاہم ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل سے پورے پاکستان میں کوئی ایسا واقعہ نہیں ہوا اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے خود کو ان واقعات سے علیحدہ کیا ہے۔وزیرِ مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گرفتار افراد اپنے کیے پر شرمندہ ہیں اور یہ کہ حکومت ان حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔