مشرق وسطیٰ کشیدگی: پاکستان فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش میں:وزیر خارجہ

مشرق وسطیٰ کشیدگی: پاکستان فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش میں:وزیر خارجہ

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے حوالے سے سینیٹ میں بریفنگ دی۔

 انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 28 فروری کو اس صورتحال پر اپنا پہلا ردعمل دیا، جس کے بعد آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی افسوسناک خبر سامنے آئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس واقعے پر بیان جاری کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ جون میں ایران پر ہونے والے حملے کے بعد بھی پاکستان نے معاملات کو سلجھانے کی کوشش کی تھی۔ حالیہ ایران پر حملوں کے بعد پاکستان نے بیک ڈور سفارتکاری کے ذریعے صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں پاکستان نے متعدد ممالک سے رابطے کیے ہیں تاکہ ڈائیلاگ کے ذریعے افہام و تفہیم پیدا کی جا سکے اور خطے میں کشیدگی کم ہو۔

 انہوں نے خاص طور پر ذکر کیا کہ اومان کے وزیر خارجہ سے رات گئے بات ہوئی اور ایران کو پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ اور مسلمان بھائی ملک ہے، اور پاکستان کی کوششیں عوام کو آگاہ کیے بغیر، میڈیا سے بھی خفیہ طور پر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی اقدامات سے ایرانی قیادت مکمل طور پر آگاہ اور شکر گزار ہے، اور ملک کی حکومت خطے میں امن و استحکام کے لیے سرگرم عمل ہے۔