پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے شہریوں کی مالی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق مکس آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2400 روپے سے بڑھ کر 2500 روپے تک پہنچ گیا، جبکہ فائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 2600 روپے سے بڑھ کر 2700 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ طلب میں اضافہ اور سپلائی میں عدم تسلسل کے سبب یہ اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق رمضان کے قریب آٹے کی قیمتوں میں کمی بیشی معمول کی بات ہے، لیکن مسلسل بڑھتی قیمتیں عوام پر اضافی مالی دباؤ ڈال رہی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اقدامات کرکے نرخ قابو میں لائے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔واضح رہے کہ رمضان سے قبل پشاور کے علاوہ لاہور, کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔