تمام ریاستیں دوسرے ملکوں کی علاقائی خودمختاری بارے عالمی قوانین کی پابند ہیں، مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے
افغانستان کی صورتحال پر دوست ممالک کو اعتماد میں لینا چاہتے تھے‘ پاکستان علاقائی ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہے،حالیہ صورتحال انتہائی نازک ہے: سفیروں کو بریفنگ
اسلام آباد (آئی این پی )ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے خامنہ ای کے جاں بحق ہونے کے بعد پاکستان صورتحال کو قریب سے دیکھ رہا ہے اور کشیدگی کم کروانے کیلئے کوشاں ہے۔کئی ممالک کے سفرا کو دی گئی بریفنگ میں اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر دوست ممالک کو اعتماد میں لینا چاہتا تھا، پاکستان علاقائی ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہے،حالیہ صورتحال انتہائی نازک ہے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی تمام سفارتی کوششیں بروئے کار لا رہا ہے، پاکستان ایران کی صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہے اور ہماری تمام تر کوششیں کشیدگی کم کرانے پر مرکوز ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام ریاستیں دوسرے ملکوں کی علاقائی خودمختاری بارے عالمی قوانین کی پابند ہیں، مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، پاکستان چاہتا ہے تمام فریقین سفارت کاری اورمذاکرات کوترجیح دیں۔انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر مشکل دور سے گزر رہے ہیں، پاکستان کو خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں پر انتہائی افسوس ہے تاہم ایران کی جانب سے حملے اپنے دفاع میں کئے گئے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کے حل کیلئے سفارت کاری کی حمایت کرتا ہے اور مسلسل مذاکرات و سفارت کاری پر زور دیتا آرہا ہے