لاہور کے علاقے شادباغ میں واقع ایک گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ چوک ناخدا نیلم سینما کے قریب پیش آیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ سلنڈر سے گیس لیکیج کے باعث لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے میو اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ریسکیو ٹیموں نے گھر میں کولنگ کا عمل مکمل کر لیا ہے، جبکہ پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ کسی قسم کی غفلت یا مجرمانہ سرگرمی کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔