بانی پی ٹی آئی کے پاس عالمی اداروں اور فورمزکے علاوہ کوئی اور راستہ بھی نہیں ،سابق وزیر کی نجی ٹی وی سے گفتگو
لاہور(آئی این پی )سابق وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی ٹرمپ سے مداخلت کرنے کی اپیل درست اقدام ہے، بانی پی ٹی آئی کے پاس عالمی اداروں اور فورمزکے علاوہ کوئی اور راستہ بھی نہیں ہے ، اس وقت ملک میں عدلیہ، پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن کو مفلوج کردیا گیاہے تو پھر اپیل کس سے کی جائے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین کے حالات بڑے مختلف ہیں، الیکشن مہم میں بھی یوکرین پر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ جنگ جاری نہیں رکھیں گے، الیکشن میں ٹرمپ نے جو بھی وعدے کئے ان پر عملدرآمد کررہے ہیں، وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، دنیا تبدیل ہورہی ہے۔انہوں نے کہا دیکھنا ہوگا کہ یورپ اس پر کس طرح ردعمل دیتا ہے۔اس وقت ہمارے سامنے ایک نیا ورلڈ آرڈر سامنے آرہا ہے۔یوکرینی صدر جب اپنے ملک پہنچیں گے تو اس کے نتائج بھی سامنے آجائیں گے۔انہوں نے کہا پاکستانی لیڈر جو بھی امریکی صدر ملاقات کرے گا، وہ نوازشریف ہوں، عمران خان یا شہبازشریف ہوں ظاہر ان کو سوچ سمجھ کر ہی بات کرنا ہوگی۔ اس وقت پاکستان کے سیاسی رہنمائوں کو عالمی صورتحال کا جائزہ لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں جب بھی روائتی سیاسی معاملات ہوتے ہیں تو پھر امریکا، سعودی عرب اور یواے ای مداخلت کرتا ہے، اس وقت ملک میں عدلیہ، پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن کو مفلوج کردیا گیاہے، پھر اپیل کس سے کی جائے؟عمران خان کی ٹرمپ سے مداخلت کرنے کی اپیل درست اقدام ہے ، اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔