ون ڈے ورلڈکپ 2027 کے نئے فارمیٹ کے تحت روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ہی ٹورنامنٹ میں تین مرتبہ مقابلے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
ورلڈکپ 2027 کے گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، افغانستان، شریک میزبان زمبابوے اور ایک کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی۔پاکستان اور بھارت گروپ مرحلے میں 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے، جہاں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ایک اور ہائی وولٹیج مقابلہ متوقع ہے۔نئے فارمیٹ کے تحت ہر گروپ سے تین بہترین ٹیمیں سپر 7 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ دونوں گروپس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سے بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔اگر پاکستان اور بھارت دونوں سپر 7 مرحلے میں پہنچتے ہیں تو 7 نومبر کو کیپ ٹاؤن میں دونوں کا دوبارہ مقابلہ ہوسکتا ہے۔
اس کے بعد اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنل یا فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہیں تو ٹورنامنٹ میں تیسری مرتبہ بھی ایک دوسرے کے مدمقابل آنے کا امکان موجود ہوگا۔دوسری جانب ایشیا کپ میں بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک سے زیادہ مقابلوں کا امکان موجود ہے، جس کے باعث چند ماہ کے دوران دونوں روایتی حریفوں کے درمیان متعدد میچز دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔فی الحال پاکستان اور بھارت 3 اکتوبر کو جاپان میں ایشین گیمز کے گولڈ میڈل میچ میں مدمقابل ہوں گے، جس کے باعث شائقین کرکٹ کی توجہ ایک بار پھر پاک بھارت مقابلے کی جانب مرکوز ہوگئی ہے۔