پرو ہاکی لیگ کے چوتھے مرحلے میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے

پرو ہاکی لیگ کے چوتھے مرحلے میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے

پرو ہاکی لیگ کے چوتھے مرحلے میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک اہم مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی، جسے دونوں ممالک کے شائقین خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔

 میچ لی ویلی اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔تفصیلات کے مطابق مقابلے کے لیے اسٹیڈیم کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں، جس سے شائقین کے جوش و جذبے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ دونوں ٹیمیں اس میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔پاکستانی ٹیم نے میچ سے قبل گزشتہ روز واحد ٹریننگ سیشن کیا، جس میں کھلاڑیوں نے حکمتِ عملی اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق کھلاڑیوں کو حریف کے مضبوط حملہ آور کھیل کے پیش نظر مختلف دفاعی اور جوابی حکمت عملیوں پر بریف کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پرو ہاکی لیگ میں پاکستان کی کارکردگی اب تک مایوس کن رہی ہے، اور ٹیم اپنے ابتدائی 13 میچز میں کوئی بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکی اور تمام مقابلوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔دوسری جانب بھارت کی ٹیم اس میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے میدان میں اترے گی، جبکہ پاکستان کے لیے یہ میچ اپنی پہلی فتح حاصل کرنے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔پرو ہاکی لیگ میں پاکستان کا اگلا میچ کل انگلینڈ کے خلاف شیڈول ہے، جس میں بھی ٹیم سے بہتر کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے۔