لنکا پریمیئر لیگ کے آئندہ سیزن کے ڈرافٹ میں پاکستانی کھلاڑی ایک بار پھر مرکزِ نگاہ رہے، جہاں مجموعی طور پر پانچ قومی کرکٹرز کو مختلف ٹیموں نے اپنی اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی آل راؤنڈر محمد نواز کو گال گیلنٹس نے اوورسیز پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا ہے، جبکہ ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر عاکف جاوید کو بھی اسی فرنچائز نے گولڈ کیٹیگری میں اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔دوسری جانب کولمبو کیپس نے دو پاکستانی کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو کلاسک کیٹیگری میں جبکہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کو گولڈ کیٹیگری میں منتخب کیا گیا ہے۔اسی طرح دمبولا سکسرز نے بھی پاکستانی پیس بولر محمد وسیم جونیئر کو اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے، جس کے بعد وہ آئندہ سیزن میں نمایاں کردار ادا کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ٹورنامنٹ سے قبل یہ بھی واضح ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی لیگ کی مسابقت کو مزید بڑھا دے گی۔ اس کے علاوہ پاکستانی کرکٹر صاحبزادہ فرحان کو بھی اوورسیز آئیکون پلیئر کے طور پر پہلے ہی سائن کیا جا چکا ہے، جس کے باعث اس سیزن میں پاکستانی نمائندگی مزید مضبوط نظر آئے گی۔
لنکا پریمیئر لیگ 2026 کا آغاز 17 جولائی سے ہوگا جبکہ فائنل 8 اگست کو کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن جافنا کنگز اور گال گیلنٹس کے درمیان کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں ہوگا۔میچز کولمبو، دمبولا اور کینڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ناک آؤٹ مرحلہ اور فائنل آر پریماداسا اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ پاکستانی شائقین ایک بار پھر اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔