ڈولفن سکواڈ کا کریک ڈائون، 6اشتہاری ملزم گرفتار

بوگس چیک اور فراڈ مقدمات میں مطلوب ملزم ای پولیس ایپ سے پکڑے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈولفن اسکواڈ کی جانب سے لاہور کی اہم شاہراہوں پر سٹاپ اینڈ سرچ اور سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ فنانشل کرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈائون کیا جا رہا ہے۔ترجمان ڈولفن کے مطابق فنانشل کرائم کے مختلف مقدمات میں مطلوب 6 اشتہاری ملزمان کو شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار افراد میں شہزاد، شاہد، سلیم، حمزہ اور دیگر شامل ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے لین دین، دھوکہ دہی اور فراڈ کی نیت سے بوگس چیک جاری کرنے کے مقدمات میں مطلوب تھے۔ ان کی گرفتاری ای پولیس ایپ کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف گوجرانوالہ، اوکاڑہ اور لاہور کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے اور وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھے۔اس موقع پر ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ فنانشل کرائم کے مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈائون بلا تعطل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم اور سادہ لوح شہریوں کے ساتھ فراڈ اور نوسربازی کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔