میکسیکو سٹی: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں میکسیکو اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا راؤنڈ آف 16 کا سنسنی خیز مقابلہ امریکا کی ٹیلی ویژن تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا فٹبال میچ بن گیا۔
ابتدائی ویورشپ اعداد و شمار کے مطابق اس میچ کو امریکا میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 48 لاکھ ناظرین نے دیکھا، جس کے ساتھ اس نے امریکا اور بیلجیم کے درمیان ورلڈ کپ میچ کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جسے تقریباً 4 کروڑ 20 لاکھ افراد نے دیکھا تھا۔رپورٹ کے مطابق ہسپانوی زبان کے ٹی وی نیٹ ورک ٹیلیمونڈو پر میچ کو 2 کروڑ 32 لاکھ جبکہ فاکس پر 2 کروڑ 17 لاکھ 42 ہزار ناظرین نے دیکھا۔فاکس پر نشر ہونے والا یہ مقابلہ امریکی ٹیم کی عدم موجودگی میں انگریزی زبان میں نشر ہونے والا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ورلڈ کپ میچ بھی قرار پایا۔ میچ کے آخری لمحات میں فاکس کی ویورشپ بڑھ کر 2 کروڑ 57 لاکھ تک پہنچ گئی، جو اس کی غیر معمولی مقبولیت کا مظہر ہے۔
ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں انگلینڈ نے ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی اور کامیابی اپنے نام کی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اعداد و شمار ابتدائی نوعیت کے ہیں، جبکہ نیلسن کی جانب سے حتمی ریٹنگز جاری ہونے کے بعد مجموعی ویورشپ میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔