سندھ میں مٹی کے طوفان اور بارشیں، 5 افراد جاں بحق، 150 سے زائد زخمی

سندھ میں مٹی کے طوفان اور بارشیں، 5 افراد جاں بحق، 150 سے زائد زخمی

سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید مٹی کے طوفان اور طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

سب سے زیادہ نقصان نوابشاہ میں رپورٹ ہوا جہاں مٹی کے شدید طوفان اور بارش کے باعث 2 خواتین سمیت 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور اضافی ڈاکٹروں و عملے کو طلب کر لیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں عمیر عباسی، افضل پلی اور چنیسر مہر سمیت دو خواتین شامل ہیں۔ طوفان کے دوران مختلف علاقوں میں سائن بورڈز، سولر پینلز، بجلی کے پول، ٹرانسفارمرز اور درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔خیرپور ناتھن شاہ میں بھی طوفانی موسم کے باعث درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ شاہ رحمت اللہ کالونی میں دیوار گرنے سے ایک خاتون اور دو بچے شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسی طرح نواحی گاؤں دودو لغاری میں دیوار گرنے سے خدابخش لغاری بھی شدید زخمی ہوئے۔

لاڑکانہ میں طوفانی بارش کے بعد 132 کے وی مین ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس کے باعث پورے ضلع میں بلیک آؤٹ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ سیپکو انتظامیہ کے مطابق مرمتی کام جاری ہے اور جلد بجلی بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔دادو اور اطراف کے علاقوں میں بھی شدید ہواؤں اور بارشوں کے باعث درجنوں حادثات رپورٹ ہوئے، جس میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال دادو منتقل کیا گیا جہاں انہیں فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق متعدد زخمیوں کو داخل کر لیا گیا ہے جبکہ تین افراد کو حالت تشویشناک ہونے پر سیہون ریفر کیا گیا ہے۔مجموعی طور پر سندھ کے کئی اضلاع میں اس طوفانی موسم نے معمولات زندگی شدید متاثر کر دیے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔