پاکستان اٹلی کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے:صدرمملکت‘یوم جمہوریہ پر مبارکباد
اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٹلی کے یومِ جمہوریہ کے موقع پر اٹلی کے صدر سرجیو میتاریلا اور اٹلی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے مضبوط اور تاریخی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو باہمی اعتماد، تعاون اور امن و خوشحالی کے مشترکہ اہداف پر استوار ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور عوامی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور عالمی امن، استحکام، بین الاقوامی تعاون اور مکالمے کے فروغ کے لیے یورپی یونین میں اٹلی کے مثبت اور تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں اٹلی اور یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔