عمران خان کو پی ٹی آئی کا پیٹرن انچیف مقرر، احتجاجی حکمت عملی کا اعلان

عمران خان کو پی ٹی آئی کا پیٹرن انچیف مقرر، احتجاجی حکمت عملی کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی قیادت اور احتجاجی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے کرتے ہوئے پارٹی کے بانی عمران خان کو "پیٹرن انچیف" کا نیا اعزازی عہدہ دے دیا ہے۔

جیل میں مشاورت، اہم فیصلے
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کی موجودہ حکمت عملی سے متعلق تفصیلات شیئر کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے جیل میں مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ اب بطور پیٹرن انچیف پارٹی کے نظریاتی اور رہنما اصولوں کی نگرانی کریں گے۔

احتجاجی قیادت و ترجمانی
گوہر علی خان کے مطابق، آئندہ احتجاجی تحریکوں کے دوران عمر ایوب اور سلمان اکرم راجا عمران خان کی نمائندگی کریں گے، جب کہ علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا میں حکومتی امور اور عوامی رابطہ مہم پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

سفارتی محاذ پر گوہر متحرک
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ انہیں بطور چیئرمین "ڈپلومیٹک رابطوں" کی ذمہ داری دی گئی ہے، تاکہ بین الاقوامی سطح پر پارٹی مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہی پارٹی چیئرمین ہیں اور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے کیسز کی پیروی جاری رکھیں گے۔

پس منظر
یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب پی ٹی آئی ملک بھر میں احتجاجی تحریک کی تیاری کر رہی ہے اور پارٹی بانی عمران خان جیل میں قید ہیں۔ پارٹی قیادت نے واضح کیا ہے کہ عمران خان کی غیر موجودگی میں مختلف رہنما مختلف محاذوں پر پارٹی کی نمائندگی کریں گے، تاکہ سیاسی اور قانونی محاذوں پر دباؤ قائم رکھا جا سکے۔