لاہور: تحریک انصاف کی جانب سے 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کی کال تو دے دی گئی ہے، تاہم لاہور میں احتجاج کے مقام اور نوعیت پر پارٹی قیادت کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔
حکمت عملی پر اختلافات
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے پنجاب بھر کے حلقوں میں احتجاج کی ہدایت دے دی ہے، مگر لاہور کے حوالے سے واضح حکمت عملی تاحال طے نہیں کی جا سکی۔کچھ سینئر رہنما لاہور میں تمام حلقوں کے کارکنوں کو یکجا کر کے بڑی ریلی نکالنے کے حامی ہیں۔چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ اور دیگر رہنما چاہتے ہیں کہ کارکنان اپنے حلقوں میں الگ الگ احتجاج کریں تاکہ گرفتاریوں اور مقدمات کے خطرات کم ہوں۔
احتجاجی مقام پر بھی اختلافات
لاہور میں احتجاج کہاں کیا جائے گا، اس پر بھی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ قیادت کا عمومی مؤقف ہے کہ گرفتاریوں سے بچاؤ کے لیے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کرنی چاہیے۔
کارکنان منتظر
ان اختلافات کے باعث پی ٹی آئی کے کارکن اور سپورٹرز اب قیادت کے حتمی فیصلے کے منتظر ہیں تاکہ یہ طے ہو سکے کہ 5 اگست کا احتجاج لاہور سمیت پنجاب بھر میں کس شکل میں ہوگا۔