وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سائیکل کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سائیکل انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید اور ماحول کے تحفظ کا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہروں میں سائیکلنگ کے کلچر کو دوبارہ زندہ کرنے اور اس کی اہمیت کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔مریم نواز نے کہا کہ یورپی ممالک میں آج بھی سائیکل کو بنیادی اور روزمرہ کی سواری کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، اس لیے پاکستان میں بھی اس کو عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صحت اور ماحول دونوں کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ سائیکلنگ نہ صرف ایندھن کی بچت کرتی ہے بلکہ فضائی آلودگی کو کم کر کے بیماریوں سے بھی بچاتی ہے، جس سے صحت مند اور صاف ستھرا ماحول قائم ہوتا ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سائیکلنگ کلچر کو فروغ دے کر نہ صرف لوگوں کی فٹنس بہتر ہوگی بلکہ شہری علاقوں میں ٹریفک کے مسائل اور آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ کو سائیکل چلانے کی ترغیب دی جائے تاکہ نوجوان نسل میں اس صحت مند سرگرمی کو اپنانے کا جذبہ پیدا ہو۔مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب اس سلسلے میں مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہر اور دیہی علاقوں میں سائیکلنگ کے فروغ کے لیے سازگار ماحول بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف صحت مند معاشرہ تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ قدرتی ماحول کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔