بریل سسٹم نابینا افراد کیلئے علم کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ ہے:مریم نواز

بریل سسٹم نابینا افراد کیلئے علم کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ ہے:مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ بریل ڈے کے موقع پر بصارت سے محروم افراد کے لیے اہم پیغام دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ بریل سسٹم علم و شعور کی روشنی فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

 انہوں نے پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بریل پریس کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ان پریس کی اپ گریڈیشن کے ذریعے خصوصی افراد کو عالمی معیار کا تعلیمی مواد فراہم کیا جا رہا ہے۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ لاہور اور بہاولپور میں قائم بریل پرنٹنگ پریس کے ذریعے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اداروں کو مفت کتابیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اس سال 3 ہزار سے زائد خصوصی بچوں کو انرول کیا گیا ہے۔ بصارت سے محروم طلبہ کو 15 ہزار سے زائد بریل بکس فراہم کی جا چکی ہیں، اور قرآن پاک بھی بریل میں مہیا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے پیش نظر معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں اور محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں بنیادی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

 انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ خصوصی افراد کے معاشی مسائل میں کمی لانے کے لیے ہمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا پہلا آٹزم سکول جلد مکمل ہو جائے گا اور خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور خودمختاری کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کامیابی کو سراہا، جس نے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔