پنجاب حکومت نے آئمہ کرام کے وظیفے کی منظوری اور نگرانی کے لیے ایک نیا منظم نظام تیار کر لیا ہے۔
اس نظام کے تحت، آئمہ کرام کا ڈیٹا خصوصی برانچ اور سی ٹی ڈی کو منتقل کیا جائے گا، اور سکیورٹی کلیئرنس کے بعد انہیں 25,000 روپے ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔حکومت نے کہا ہے کہ ہیٹ اسپیچ اور کسی بھی قسم کی اینٹی اسٹیٹ سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پہلی خلاف ورزی پر آئمہ کو صرف وارننگ دی جائے گی۔ دوسری خلاف ورزی پر 3 ماہ کے لیے وظیفہ 15,000 روپے کر دیا جائے گا۔ تیسری خلاف ورزی پر وظیفہ 3 ماہ کے لیے معطل کیا جائے گا۔ اور چوتھی خلاف ورزی پر وظیفہ مکمل طور پر منسوخ کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، اگر تین ماہ کے دوران کوئی شکایت نہ ہو، تو وظیفہ دوبارہ بحال کیا جائے گا۔اس نظام میں سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی مشترکہ نگرانی شامل ہوگی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نفرت انگیز تقاریر اور ریاست مخالف سرگرمیوں کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی۔