حکومتی ادارے کرپشن ختم کرنے کیلئے انتھک محنت کررہے ہیں‘ ایف بی آر میں اصلاحات کیلئے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات لی جائیں:وزیراعظم

تاریخی فتح کے بعد اب معیشت مستحکم کرینگےشہباز شریف
 فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم نے شفافیت کے فروغ اور محصولات میں اضافے کے ساتھ کسٹمز کلیئرنس کے وقت میں بھی نمایاں کمی کی ہے، شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے لائی گئی اصلاحات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں:اجلاس میں گفتگو

اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے معرکہ حق کی تاریخ ساز فتح کے بعد اب پاکستان کو ایک مستحکم عالمی معیشت بنانے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل مزید تیز کرنا ہوگا، معاشی استحکام کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں،حکومتی ادارے کرپشن کے خاتمے کیلئے انتھک محنت کررہے ہیں،وزیراعظم  آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )کے متعلق ایک اعلی سطح کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ادارے میں جاری اصلاحات، شفافیت اور ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔وزیراعظم نے ایف بی آر میں ہونے والی اصلاحات اور اقدامات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت جاری کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں اور کرپشن کے انسداد و شفافیت کے قیام کے لیے تمام ریاستی ادارے انتھک محنت کر رہے ہیں، انہوں نے حالیہ معاشی اشاریوں کو حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت قرار دیا۔وزیراعظم نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم نے شفافیت کے فروغ اور محصولات میں اضافے کے ساتھ ساتھ کسٹمز کلیئرنس کے وقت میں بھی نمایاں کمی کی ہے، شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے لائی گئی اصلاحات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ان شا اللہ ہم پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے میں کامیاب ہوں گے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) میں جاری اصلاحات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا، بتایا گیا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کے نفاذ سے محصولات میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں اصلاحات تیزی سے جاری ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ عام صارفین کے لیے آسان اور ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن نظام جلد متعارف کرایا جا رہا ہے، اس نظام کو اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں پیش کرنے پر بھی کام جاری ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سہولت فراہم کی جاسکے۔