شدید بارشوں کے خدشے پر پیرو کے 22 خطوں میں 60 روزہ ایمرجنسی نافذ

شدید بارشوں کے خدشے پر پیرو کے 22 خطوں میں 60 روزہ ایمرجنسی نافذ

پیرو میں شدید بارشوں کے خطرے کے پیش نظر حکومت نے ملک کے 22 خطوں اور تقریباً 800 اضلاع میں 60 روزہ ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام سبکدوش ہونے والے صدر جوز ماریا بالکازر کے دستخط سے جاری کیے گئے فرمان کے تحت کیا گیا۔حکم نامے کے مطابق موسمی پیش گوئیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایل نینو کا اثر 2027 کے موسم گرما تک برقرار رہ سکتا ہے، جس کے باعث غیر معمولی اور شدید بارشوں کا خدشہ ہے۔ہنگامی اعلان 22 خطوں کے 796 اضلاع پر مشتمل ہے، جن میں لیما، پیورا، لا لیبرٹاد، لوریٹو اور آئینی صوبہ کالاؤ شامل ہیں۔

حکم نامے کے مطابق علاقائی اور مقامی حکام، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سول ڈیفنس کی نگرانی اور تعاون سے ہنگامی اقدامات اور خطرات میں کمی کے لیے ضروری کارروائیاں کریں گے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مختلف حکومتی وزارتیں بھی اس عمل میں شریک ہوں گی، جبکہ خطرات میں کمی، ہنگامی ردعمل اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے اقدامات 60 روزہ ایمرجنسی کے دوران جاری رہیں گے۔