چینی شہریوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم

افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کی مہم تیز کرنے کی ہدایت ، اجلاس میں سرچ آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا 
 لاہور(کرائم رپورٹر )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں چینی و دیگر غیر ملکی ماہرین اور باشندوں کی سکیورٹی، افغان سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کے انخلا اور صوبہ بھر میں جاری سرچ آپریشنز کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں اے آئی جی آپریشنززاہد نواز مروت نے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ چینی قونصل خانوں اور ماہرین ،دیگر غیر ملکی باشندوں کی رہائش گاہوں اور ورک پلیسز کی سکیورٹی مزید مئوثر بنائی جائے جبکہ ان کی نقل و حرکت کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کی مشاورت سے چینی و غیر ملکی باشندوں کے سکیورٹی آرڈر کا ازسرنو جائزہ لے کر اسے مزید مئوثر بنائیں،افغان سمیت تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں اور تارکین وطن کے انخلا کی مہم میں مزید تیزی لائی جائے۔انہوں نے بین الصوبائی سرحدی علاقوں سمیت صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سرحدی پولیس چوکیوں پر تعینات اہلکار انتہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی سرانجام دیں،فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سمیت ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سائوتھ پنجاب کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی ایس پی یو ، تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔