نظامِ انصاف میں بہتری فیصلوں نہیں، موثر عملدرآمد سے آئے گی چیف جسٹس

جیل اصلاحات پرقومی کانفرنس کے موقع پر چاروں وزرائے اعلیٰ نے  اسلام آباد ڈیکلریشن پردستخط کر دیئے‘جیلوں میں صحت، ذہنی صحت،غذائیت،صفائی اور بنیادی سہولیات بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا 
 جیلوں میں صحت اور صاف پانی کی فراہمی ناگزیر ہے  نظام انصاف میں احتساب کو یقینی بنایا جا رہا ہے، فوجداری نظامِ انصاف کسی بھی معاشرے کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے:چیف جسٹس یحیی آفریدی کا خطاب
جیل میں جو دیکھا، وہی اصلاحات کی بنیاد بنا، قید تنہائی کی اذیت خود جھیل چکی ہوں‘ جیل اصلاحات محفوظ اور بہتر معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہیں،انصاف ہر شہری کا حق ہے:مریم نواز
اسلام آباد (آئی این پی )جیل اصلاحات پرقومی کانفرنس کے موقع پر چاروں وزرائے اعلیٰ نے  اسلام آباد ڈیکلریشن پردستخط کر دیئے۔کانفرنس میں جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدیوں کا بوجھ کم کرنے اور قیدیوں کے مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا گیا، صوبوں نے  ضمانت، پیرول، پروبیشن اور غیر حراستی متبادل نظام کو موثر  بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔جیلوں میں صحت، ذہنی صحت،غذائیت،صفائی اور بنیادی سہولیات بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تعلیم، فنی تربیت، منشیات سے بحالی اور رہائی کے بعد بحالی پروگرامز کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔جیل اصلاحات کیلئے صوبائی سطح پر ٹائم لائن،وسائل کی فراہمی اور مانیٹرنگ کا نظام قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ فوجداری نظام کے تمام اداروں کے درمیان موثر رابطے اور بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے خواتین، بچوں، خصوصی افراد اور ذہنی امراض میں مبتلا قیدیوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا جبکہ تشدد، بدسلوکی اور غیرانسانی سلوک کے خاتمے،شکایات کے موثر ازالے پر زور دیا‘جیل اصلاحات پر قومی کانفرنس سے  چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا نظامِ انصاف میں قیدیوں کے حقوق کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، جیلوں کے حالات بہتر بنانا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، نظام انصاف میں بہتری محض فیصلوں سے نہیں بلکہ مثر عملدر آمد سے آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ نظام انصاف میں احتساب کو یقینی بنایا جا رہا ہے، فوجداری نظامِ انصاف کسی بھی معاشرے کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے  کہا  جیل اصلاحات محفوظ اور بہتر معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہیں، قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں اور قانون سے کوئی بھی بالا نہیں ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شفافیت پر مبنی انصاف کی موثر فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے  جبکہ قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔۔انہوںنے کہا ہے  جیل اصلاحات کے حوالے سے ان کے اقدامات ذاتی تجربات کی بنیاد پر کیے گئے ہیں، کیونکہ انہوں نے خود جیل میں مشکلات اور قید تنہائی کی اذیت برداشت کی ہے