نظامِ عدل کے بنیادی سٹیک ہولڈر سائلین ہیں:چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

احمد پور شرقیہ اور پیر محل میں نئے جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح‘ وکلا ء اور سائلین کو جوڈیشل کمپلیکس ملنا ایک بہت بڑا تحفہ ہے
سائلین ہی تمام انفراسٹرکچر اور جدید سہولیات کا محور ہیں، ہم پر لازم ہے مشکلات کو سمجھیں اور ازالہ کریں:چیف جسٹس عالیہ نیلم 
لاہور(آئی این پی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے انتظامی سطح پر تاریخی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے وکلا اور سائلین کے لیے احمد پور شرقیہ اور پیر محل میں نئے جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ وکلا اور سائلین کو جوڈیشل کمپلیکس ملنا ایک بہت بڑا تحفہ ہے، ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے، نظامِ عدل کے بنیادی اسٹیک ہولڈر سائلین ہیں،سائلین ہی تمام انفراسٹرکچر اور جدید سہولیات کا محور ہیں، ہم پر لازم ہے کہ ہم سائلین کی مشکلات کو سمجھیں اور ازالہ کریں۔لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ وکالت ایک مقدس شعبہ ہے،وکلا اس شعبہ کی عزت و تکریم میں مزید اضافہ کریں، وکلا دیانتداری اور راست بازی کی مثال قائم کریں، بنچ اور بار کے درمیان ایک مضبوط تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلا کے تمام مسائل کا حل لاہور ہائیکورٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بہترین انفراسٹرکچر اور جدید سہولیات جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے