ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی، جنگلات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: مریم اورنگزیب

ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی، جنگلات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: مریم اورنگزیب

وفاقی حکومت کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جنگلات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور قدرتی وسائل کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

یہ بیان انہوں نے محکمہ جنگلات پنجاب کی جانب سے خانپور میں بااثر ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی اور مرکزی سرغنہ کی گرفتاری کے بعد جاری کیا۔

ٹمبر مافیا کے خلاف کامیاب کارروائی
مریم اورنگزیب نے کہا کہ محکمہ جنگلات پنجاب نے غیر قانونی لکڑی سے بھری گاڑی کو قبضے میں لے لیا جبکہ مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے تھانہ شادانی میں مقدمہ درج کر لیا۔انہوں نے محکمہ جنگلات کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ "شاباش کے مستحق ہیں"۔

ڈی ایف او کو دھمکیاں، دباؤ کی مذمت
وزیر موصوفہ نے انکشاف کیا کہ مرکزی ملزم کی عبوری ضمانت کے بعد ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) رحیم یار خان کو نتائج کی سنگین دھمکیاں دی گئیں اور ایف آئی آر واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔تاہم، محکمہ جنگلات نے اس صورتحال پر فوری طور پر انتظامیہ سے رابطہ کیا اور بھرپور مؤقف اپنایا۔

دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود عزم برقرار
مریم اورنگزیب نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے دوران دھمکیاں معمول بن چکی ہیں، لیکن محکمہ جنگلات کے اہلکار کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر اپنا فرض نبھاتے رہیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی ادارے جنگلات کی بقا اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

قانونی عمل اور احتساب کی یقین دہانی
سینئر وزیر نے کہا کہ قانون کا نفاذ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا اور جو عناصر ٹمبر مافیا کی پشت پناہی کر رہے ہیں، انہیں بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ "بااثر مافیاز کیخلاف کارروائی سے ہی جنگلات کا تحفظ ممکن ہے"۔