نیویارک میئر کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عوام کی توجہ اپنی ناکامیوں سے ہٹانے کے لیے اُن پر حملے کر رہے ہیں۔
ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے انہیں گرفتاری، ملک بدری اور امریکی شہریت منسوخ کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ:"صدر ٹرمپ محنت کش طبقے کے خلاف اپنے اقدامات سے توجہ ہٹانے کے لیے مجھے نشانہ بنا رہے ہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ میں ان لوگوں کی بات کروں جو نیویارک میں مہنگائی کے باعث بےدخل ہو رہے ہیں، وہ لوگ جن کے حقوق دبائے جا رہے ہیں۔"
مہنگائی پر وعدہ خلافی کا الزام
ظہران ممدانی نے ٹرمپ کی صدارتی مہم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب وہ اس وعدے سے مکر گئے ہیں، اور اسی ناکامی کو چھپانے کے لیے انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
کون ہیں ظہران ممدانی؟
ظہران ممدانی یوگنڈا نژاد بھارتی مسلمان نژاد امریکی سیاست دان ہیں اور نیویارک کی ریاستی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ وہ ترقی پسند اور سوشلسٹ منشور پر یقین رکھتے ہیں اور نیویارک کے نچلے طبقے اور تارکین وطن کے حقوق کے لیے سرگرم رہے ہیں۔