سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے پانچ ایم جی ڈی پلانٹس کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں گے،سینئر وزیر
کراچی (اے ایف بی) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا ترقیاتی بجٹ صرف رقم کی تقسیم نہیں، عوامی زندگی کو بہتر بنانے کا ایک ویژن ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ترقیاتی بجٹ پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں، چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کے ویژن کا تسلسل ہے، صوبائی حکومت نے ایک ٹریلین روپے کا ترقیاتی بجٹ پیش کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم صرف وعدے نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ عوام کی زندگی کو بہتر بنانے کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، سندھ حکومت نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز حیدرآباد اور بینظیرآباد کیلئے سات، سات ارب روپے کے ترقیاتی پیکیجز مختص کئے ہیں تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ کراچی میں سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے پانچ ایم جی ڈی پلانٹس کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں گے، جن سے شہر کے پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔