وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے تقریب کے دوران طالبہ کا دلچسپ مکالمہ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے تقریب کے دوران طالبہ کا دلچسپ مکالمہ

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی سے تقریب کے دوران ایک طالبہ نے دلچسپ مکالمہ کیا، جس میں طالبہ نے سوال کیا کہ جعلی حکومتیں ترقی کر رہی ہیں، پھر کے پی (خیبر پختون خوا) بھی 13 سال سے کیوں پسماندہ ہے؟ انہوں نے سوال کیا کہ آپ ادھر اُدھر کی باتیں کر رہے ہیں، صوبے کو کیا دیا؟

اس پر وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے جواب دیا کہ آپ کا تعلق ضرور اے این پی یا کسی دوسری پارٹی سے ہو گا۔ طالبہ نے پھر سوال کیا کہ جتنی بھی ترقی ہوئی ہے، وہ ایم پی اے اور ایم این اے کے گھروں میں ہوئی ہے، اور صوبے میں جو کرپشن ہوئی ہے، اس کا آپ نے کیا کیا؟ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ دوسرے صوبوں سے ہمارے صوبے کا موازنہ کریں تو ہم نے کتنی ترقی کی ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے صوبے کے نوجوانوں کو سوال کرنے کا شعور دیا ہے، اور یہ بھی بتایا کہ ایک بہن مجھ سے میری پالیسی پر سوال کر رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اے این پی کے دور میں بم دھماکے ہوتے تھے، اور نشتر ہال بند تھا، مگر ہم نے اسے کھول دیا ہے۔مزید انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں لوگ اسکولوں میں جانور باندھتے ہیں، سندھ میں آج بھی اسپتالوں میں کتے گھوم رہے ہیں، اور پشاور میں ترقی آرہی ہے، ہم 200 ارب روپے کی اسکیمیں لارہے ہیں، اور قبائلی اضلاع میں ایک ہزار ارب روپے خرچ ہوں گے۔