وزیر خزانہ نے عالمی مالیاتی اداروں کی پاکستان میں مسلسل شمولیت اعتماد سازی کیلیے قرار دیدی

وزیر خزانہ نے عالمی مالیاتی اداروں کی پاکستان میں مسلسل شمولیت اعتماد سازی کیلیے قرار دیدی

وفاقی وزیرِ خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی اداروں کی پاکستان میں مسلسل زمینی موجودگی اور اعلیٰ قیادت کی شمولیت کو اعتماد سازی اور مالیاتی سرگرمیوں کی رفتار بڑھانے کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔

وزارتِ خزانہ میں سٹی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ماضی میں عالمی بینکوں کے لیے اہم مارکیٹ رہا ہے اور اس ورثے کو مضبوط، مسلسل اور اصلاحات سے ہم آہنگ تعاون کے ذریعے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ملاقات میں خودمختار مالیاتی انتظامات، عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی اور مستقبل میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سٹی بینک کے وفد کی قیادت کنٹری آفیسر حبیب یوسف نے کی، جبکہ کارپوریٹ بینکنگ کے سربراہ علی ثناء رضوی اور نائب صدر اسامہ پراچہ بھی موجود تھے۔ وزارتِ خزانہ کی ٹیم میں قرضہ مینجمنٹ، کیپیٹل مارکیٹس اور پالیسی امور کے نگران بھی شامل تھے۔اجلاس میں پاکستان کی موجودہ بین الاقوامی بانڈز کی کارکردگی، بیرونی قرضہ جات، مارکیٹ ٹائمنگ، قیمتوں کا تعین اور مستقبل کی مالیاتی سرگرمیوں کو قرضوں کے پائیدار انتظام اور کم لاگت حکومتی اہداف کے مطابق کرنے پر بات ہوئی۔وفد کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت خودمختار فنانسنگ پروگرامز پر بھی کام کر رہی ہے، جن میں مڈ ٹرم نوٹ اسٹرکچرز کی ابتدائی تیاری شامل ہے۔

وزارتِ خزانہ نے سرمایہ کاروں سے فعال اور ہدفی شمولیت پر زور دیا، تاکہ غیر فعال سرمایہ کاری کے بجائے طویل المدتی سرمایہ کاروں کے ساتھ براہِ راست روابط، نجی پلیسمنٹس اور مؤثر آؤٹ ریچ کو فروغ دیا جا سکے۔ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پیچیدہ مالیاتی لین دین سے قبل بنیادی قانونی اور دستاویزی ڈھانچے کا قیام ضروری ہے، اور تجارتی یا ہیجنگ سے متعلق ممکنہ مالیاتی اسٹرکچرز پر تبادلۂ خیال مناسب دستاویزات اور قیمتوں کے تعین کے بعد ہی کیا جائے گا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے رابطے جاری رکھنے اور باہمی تعاون کے مزید امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ وفاقی وزیرِ خزانہ نے سٹی بینک کی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اپنی مجموعی فنانسنگ حکمت عملی اور اقتصادی اہداف کے تحت تعمیری شراکت داری کے لیے تیار ہے۔