شہید عبدالرحمن کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش، شہریوں کی نمازِ جنازہ میں شرکت
فورٹ عباس (خصوصی رپورٹ)بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ایف سی اہلکار شہید عبدالرحمن کی نمازِ جنازہ فورٹ عباس ہائی سکول گرا ئونڈ میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں ،ڈی ایس پی سرکل خالد گجر سمیت سیاسی، سماجی، مذہبی رہنما ئوں، وکلاء ، صحافیوں، تاجروں، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد شہید کے جسدِ خاکی کو ان کے آبائی قبرستان لیاقت چوک میں تدفین کے لیے لے جایا گیا، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج اور پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، شہید کی قبر پر پھول چڑھائے اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔خاندانی ذرائع کے مطابق شہید عبدالرحمن کے دو بھائی اور دو بہنیں ہیں اور ان کی شادی تین ماہ قبل ہوئی تھی۔شہید کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہامیرے بیٹے نے ڈٹ کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ وطن کی خاطر ایک نہیں ہزاروں بیٹے قربان کرنے کو تیار ہوں۔ شہید عبدالرحمن، جماعت اسلامی کے رہنما اور جامع مسجد کے خطیب قاری یار محمد کے بھتیجے اور عبد الستار بلوچ کے بیٹے تھے۔ شہر بھر میں اْن کی میت کا والہانہ استقبال کیا گیا، گلیوں اور بازاروں میں عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔