ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو ‘ سینئر افسروں، ایئر مین اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعدادمیں شرکت
فضائیہ کے افسرا اورجوان ہم وطنوں کی عزت کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے:ایئر چیف
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی دارالحکومت میں خاتون کو بچانے کی کوشش کے دوران شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی اور بعد ازاں سپرد خاک کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک فضائیہ کے شہید افسر کو ان کی غیر معمولی جرات، بے لوث فرض شناسی اور عظیم قربانی کے اعتراف میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہید کیپٹن عاصم کی نماز جنازہ میں شرکت کی، اس موقع پر پاک فضائیہ کے سینئر افسران، فضائیہ کے جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے شہید افسر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی شہادت پاک فضائیہ اور پاکستان کی مسلح افواج کی اعلی روایات کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک بے گناہ شہری کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے شہید افسر نے ثابت کیا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوان نہ صرف ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں بلکہ اپنے ہم وطنوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔