بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق

علی کھیلتے ہوئے گٹر میں گرا،راہگیروں نے نکال کر ہسپتال پہنچایا ،جانبر نہ ہوسکا، بچے کی کل سالگرہ تھی:والد
 شادی ہال کے مالک کو گرفتار کرنیکا حکم، چونیاں میں ڈھکن لگانے کی بوگس کارروائیوں پر چیف آفیسر معطل 
لاہور،قصور(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)قصور کے علاقہ مصطفی آباد میں بلدیہ کی مبینہ غفلت سے3سالہ بچہ شادی ہال میں تقریب کے دوران کئی فٹ گہریگٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔مصطفی آباد کا رہائشی 3سالہ علی حور شادی ہال میں تقریب کے دوران کھیل رہا تھا کہ شادی ہال کے سیوریج کے کھلے مین ہول میں جاگرا، راہگیروں نے بچے کونکالااور طبی امداد کے لیے نجی ہسپتال منتقل کیامگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ 3سالہ علی حور کی موت پر گھر میں کہرام مچ گیا، اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شادی ہال کو سیل کردیاجبکہ غفلت برتنے پر شادی ہال کے مالک کو بھی گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا۔بچے کے والد نے کہا لاہور واقعے کے بعد بھی مقامی انتظامیہ نے کوئی ایکشن نہ لیا، میرے بیٹے کی کل سالگرہ تھی، آج وہ ہمارے ہاتھوں میں دم توڑ گیا، مریم نواز کا کسی نے اثر نہیں لیا میرا بچہ چلا گیا میرے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی ہے ، میری وزیر اعلیٰ اور اعلیٰ حکام سے اپیل ہے یہ جو زیادتی ہو رہی ہے اس کو روکا جائے تاکہ کسی اور کی جان نہ جا سکے۔ ادھر چونیاں میں گٹروں کے ڈھکن لگانے کی بوگس کارروائیوں کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پرچیف آفیسر چونیاں ظل ہما فاطمہ کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا گیا۔