عدالت پیش نہیں ہونگی توبینک اکاونٹ اور شناختی کارڈ بلاک رہیں گے،عدالت ضامن کو بھی نوٹس ،مقد مے کی سماعت آج تک ملتوی
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک )راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں اور راول ٹاون سرکل کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو حکم دیا ہے کہ آج منگل کو ملزمہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں۔عدالت کی جانب سے علیمہ خان کی عدم پیشی کی بنیاد پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد شاہ نے 26 نومبر 2024 کو تحریک انصاف کی طرف سے احتجاج پر راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں درج ہونے والے مقدمے کی سماعت کی۔علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے اپنی موکلہ کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی۔ ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کے اکائونٹ اور شناختی کارڈ جب تک ڈی فریز نہیں ہونگے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی اور علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے ایس پی راول سرکل کو علیمہ خان کو گرفتار کرکے آج تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ جب تک ملزمہ عدالت میں پیش نہیں ہوگی ان کے بینک اکاونٹ اور شناختی کارڈ بلاک رہیں گے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے علیمہ خان کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کردیے۔عدالت نے مقدمے کی سماعت آج تک ملتوی کردی۔علیمہ خان کے خلاف درج مقدمے میں مجموعی طور پر 10 گواہان پر جرح مکمل ہوچکی ہے۔