ہمار ے پاس دنیا کے بڑے اور طاقتور 6 ڈسٹرائر، ایک بحری جہاز اور تین لیٹورل کامبیٹ شپ موجود ہیں: امریکی صدر
واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چند دنوں میں ہمارے بحری جہاز ایران کے بالکل قریب ہوں گے، امید ہے ہم جلد معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔ ایرانی سپریم لیڈر کے حالیہ بیان پر رد عمل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہاں ہمارے دنیا کے سب سے بڑے اور طاقتور بحری جہاز موجود ہیں۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر اب ایسی ہی باتیں کریں گے، جیسی وہ کر رہے ہیں، امید ہے ہم جلد معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔خیال رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر جنگ مسلط کی تو وہ ایک علاقائی جنگ کی صورت اختیار کر لے گی۔آیت اللہ خامنہ ای کے انتباہ پر سوال کے جواب میں ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا کہ خامنہ ای علاقائی جنگ کی بات کیوں نہ کریں گے، ظاہر ہے وہ ایسا کہیں گے، مذاکرات ناکام ہوئے تو دیکھیں گے خامنہ ای ٹھیک کہہ رہے تھے یا نہیں۔خیال رہے کہ امریکا نے مشرق وسطی میں اپنی بحری موجودگی بڑھا دی ہے۔ امریکی بحریہ کے مطابق اس وقت خطے میں اس کے 6 ڈسٹرائر، ایک طیارہ بردار بحری جہاز اور تین لیٹورل کامبیٹ شپ موجود ہیں۔