برف پگھل گئی‘سیاسی حریف ساتھ بیٹھ گئے شہبازشریف‘سہیل آفریدی ملاقات وفاقی و صوبائی حکومت میں تعاون ناگزیر ہے:وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی سہیل آفریدی کے درمیان ملاقات میں مشیر خزانہ کے پی کے مزمل اسلم شامل تھے ‘ حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور رانا ثنااللہ بھی شریک ہوئے
حکومت پائیدار اقتصادی استحکام کے حصول کیلئے جامع اصلاحاتی پروگرام پر عمل پیرا ہے، اصلاحات اور ترقیاتی ترجیحات کے فروغ کیلئے عالمی بینک کا کردار اہم ہے:وزیراعظم کی صدر عالمی بینک سے ملاقات میں گفتگو
سندھ طاس معاہدے کے مکمل اور منصفانہ نفاذ پر یقین رکھتے ہیں، پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوئی بھی کوشش عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے: وزیراعظم کا آبی ذخائر کے عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد (آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پیر کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا کو ملاقات کیلئے مدعو کیا تھا، جس میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی کی صورتحال سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔وزیراعلی خیبر پختونخوا نے دہشت گردی سے متعلق تحفظات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ملاقات میں وفاق کے ذمہ واجبات کی ادائیگی سے متعلق بات چیت ہوئی جبکہ 8 فروری کے ممکنہ احتجاج پر بھی بات چیت کی گئی۔ملاقات میں وادی تیراہ میں آپریشن اور مقامی لوگوں کی نکل مکانی پر بات چیت ہوئی۔وزیراعظم اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے درمیان ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی سہیل آفریدی کے درمیان ملاقات میں مشیر خزانہ کے پی کے مزمل اسلم بھی ملاقات میں شامل تھے جبکہ حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور رانا ثنااللہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق وزیر اعلی کے پی نے ملاقات میں وادی تیراہ، امن جرگہ اور انسداد دہشتگردی کے معاملات پر بات کی، اس کے علاوہ وزیر اعلی سہیل آفریدی نے این ایف سی معاملات پر بھی وزیراعظم سے تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں امن و امان اور عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ امن وامان کے قیام کے لئے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت انسداد دھشتگردی کیلئے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے۔وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے وفاقی دائرہ کار کے مطابق تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیر اعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گی، خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح کیلئے صوبائی حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بااختیار ہے، صحت و تعلیم کیلئے خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے اقدامات کئے جائیں، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے ہمیشہ سے کوشاں ہے، خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، صوبے کی عوام کی خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے مطابق بھرپور کاوشیں جاری رکھے گی۔وزیرِاعظم نے کہا کہ قومی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور موثر رابطہ کاری ناگزیر ہے، دریں اثناء وزیر اعظم سے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا کی ملاقات ہوئی جس میں کنٹری پارٹنر شپ فریم وررک پر عملدرآمد سے متعلق ترجیحات پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا‘ شہباز شریف نے کہا حکومت پاکستان پائیدار اقتصادی استحکام کے حصول کیلئے ایک جامع، کثیر الجہتی اور ملکی ضروریات کے مطابق تشکیل دئیے گئے اصلاحاتی پروگرام پر پوری تندہی سے عمل پیرا ہے،پاکستان میں اصلاحات اور ترقیاتی ترجیحات کے فروغ کیلئے عالمی بینک کا کردار اہم ہے۔آبی ذخائر کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے آبی ذخائر کا تحفظ قومی، ماحولیاتی اور سماجی فلاح کیلئے ناگزیر ہے، سندھ طاس معاہدے کے مکمل اور منصفانہ نفاذ پر یقین رکھتے ہیں، پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنیکی کوئی بھی کوشش عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے یہ دن پاکستان اور اقوام عالم کو آبی ذخائر کے دیرپا تحفظ اور موثر انتظام کے عزم کے اعادہ کا موقع فراہم کرتا ہے، آبی ذخائر کا تحفظ محض موسمیاتی تغیر سے بچائوکیلئے ایک ماحولیاتی فریضہ نہیں بلکہ یہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر سماجی فلاح و بہبود کا ضامن بھی ہے