اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور یورپی یونین نے افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہاراقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر انسداد دہشت گردی کے لیے تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق اورسائبر اسپیس، معلومات اور توانائی کے وسائل کے دہشت گردانہ استعمال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے تجربات کے تبادلے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 10 ویں انسداد دہشت گردی مذاکرات کا انعقادہوا۔اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں دہشت گردی کی ہر شکل میں شدید مذمت کی گئی۔یورپی یونین کی طرف سے پاکستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت، شہریوں سے اظہار ہمدردی اور انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کر لیاگیا۔پاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی سی ٹی ڈاکٹر فریحہ بگٹی نے کی۔ای یو وفد کی قیادت اسپیشل اینوائے فار کاؤنٹر ٹیررازم آنا سٹر زاسکا نے کی۔مذاکرات میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا اگلا دور اگلے سال برسلز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔