امریکی خاتون بہکی بہکی باتیں کرنے لگی، جناح ہسپتال منتقل

ہاتھ،پیر میں سوجن بھی پائی گئی، شعبہ نفسیات میں ماہر ڈاکٹر تفصیلی معائنہ کرینگے
میری والدہ ذہنی مریضہ، سوچنے سمجھنے کی صلاحیت متاثر ہے، بیٹے جیرامیا کا انکشاف 
کراچی (خصوصی رپورٹ) کراچی میں کئی ہفتوں سے مقیم اور میڈیا میں زیربحث امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق خاتون کی ذہنی حالت درست نہیں، وہ بہکی بہکی باتیں کر رہی ہیں، جبکہ ان کے ہاتھوں اور پیروں میں سوجن بھی پائی گئی ہے۔ خاتون کو جناح ہسپتال کے شعبہ نفسیات میں رکھا گیا ہے جہاں ماہر ڈاکٹر ان کا تفصیلی معائنہ کریں گے۔ خیال رہے کہ کراچی میں نوجوان سے شادی کی دعویدار امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کے بیٹے جیرامیا اینڈریو رابنسن نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ کی ذہنی حالت درست نہیں۔ جیرامیا اینڈریو رابنسن نے انکشاف کیا کہ انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ ان کی والدہ پاکستان میں ہیں۔ ان کی والدہ ایک شخص اور اس کے اہل خانہ سے ملنے پاکستان آئی تھیں اور دو ہفتے بعد واپس جانا تھا، لیکن وہ واپس نہیں گئیں۔انہوں نے اور ان کے بھائی نے والدہ کی واپسی کا ٹکٹ بھی خریدا تھا، لیکن وہ نہیں آئیں۔ جیرامیا کے مطابق ان کی والدہ ذہنی مریضہ ہیں اور ان کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت متاثر ہے۔ایک ویڈیو بیان میں خاتون نے امریکہ واپس جانے کی آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ انہیں نیویارک جانے کے لیے ٹکٹ دیا جائے کیونکہ ان کے پاس اس وقت پیسے نہیں ہیں۔