وفاقی اور پنجاب کی حکومت نے ملک کو برباد کر کے رکھ دیا، تمام مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں‘بلوچستان میں لاپتہ افراد سے متعلق چیف جسٹس آف پاکستان کو آگاہ کیا:اپوزیشن لیڈر
بلوچستان کو گندی سیاست سے دور رکھیں‘ اپوزیشن لیڈر کوئٹہ آئیں، انہیں 38 اضلاع میں لے کر جائوں گا‘، تمام لوگوں سے بات چیت کیلئے تیار ہیں‘ قبائلی جھگڑوں کا خاتمہ چاہتے ہیں:وزیراعلی
سرگودھا (آئی این پی‘نصیر آباد )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے ملک کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا، تمام مسائل کا واحد حل تازہ انتخابات ہیں۔ سرگودھا میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بشری بی بی کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جا رہا،ہمارے کیسز میں تاخیر کی وجہ ملک میں آئین کی بالادستی نہ ہونا ہے،ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آگ لگی ہوئی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے، بلوچستان میں لاپتہ افراد سے متعلق چیف جسٹس آف پاکستان کو آگاہ کیا۔ عمر ایوب نے مزید کہا کہ مسلح افواج کے جوان اور افسران شہید ہوئے، میرا سوال ہے کہ اتنی شہادتیں ہوئی کیوں ہیں؟ ان شہادتوں پر کمیشن بیٹھنا چاہیے او رتحقیقات کرنی چاہیے‘وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے ریاست بہت اہم ہے، بلوچستان کو گندی سیاست سے دور رکھیں۔نصیر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے بیان پر تعجب ہے، اپوزیشن لیڈر کوئٹہ آئیں، انہیں 38 اضلاع میں لے کر جائوں گا۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے علیحدگی کی باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں، تمام لوگوں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔وزیرِ اعلی بلوچستان نے کہا کہ بگٹی قبیلے کے اندر قبائلی جھگڑوں کا خاتمہ چاہتے ہیں