آئی ایم ایف کی شرائط پر زرعی ٹیکس کا نفاذ: وزیر اعلیٰ سندھ نے ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لے لیا

کراچی(آئی این پی )وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے آئی ایم ایف کی شرط پر زرعی ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت کی ہدایت پر زرعی ٹیکس کے نفاذ کے لیے پارٹی ارکان سندھ اسمبلی کو اعتماد میں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے پارلیمانی پارٹی کو زراعت پر ٹیکس سے متعلق قانون سازی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر زرعی ٹیکس کا نفاذ ضروری ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے مراد علی شاہ نے ارکان اسمبلی کو بتایا کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ زرعی ٹیکس سے متعلق قانون سازی کر چکے ہیں۔دوسری جانب وزیر اعلی مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اجلاس آج پیر کو طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کیاجلاس میں زرعی ٹیکس سے متعلق قانونی مسودے کی منظوری دی جائے گی، پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی نے رہنما ئوں کے سامنے اپنے تحفظات اور رائے کا اظہار بھی کیا۔