خانپور:ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر پولیس نے گھر مسمار کر دیا، 2شیر خوار جاں بحق

 ملبے تلے دب کر تین ماہ کا انیس اور آٹھ ماہ کی امیرہ  دم توڑ گئے، لواحقین کا لاشیں لیکر احتجاج ، حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
خانپور(آئی این پی ) خانپور میں پولیس نے ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر مکان مسمار کر دیا جس کے باعث گھر میں موجود دو شیر خوار بچے جاں بحق ہوگئے۔تفصیل کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ خانپور کے گائوں عالم خان میں پیش آیا جہاں پولیس نے ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر مکان مسمار کر دیا۔لواحقین کا کہنا ہے کہ گھر کے ملبے تلے دب کر تین ماہ کا انیس اور آٹھ ماہ کی بچی امیرہ جان سے گئے، پولیس کے مطابق آپریشن قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے فرار ہونے پر دو مکان مسمار کیے گئے، جاں بحق بچوں کے رشتے داروں نے بچوں کی لاشیں لیکر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ حکام پولیس ایکشن کے دوران بچوں کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیں۔