مری‘ہری پور‘خانپور میں بارش ‘چترال اور سوات میں برفباری

مری آنے والے سیاحوں نے گرم کپڑے  پہنچ لئے‘  گھروں اور ہوٹلوں میں ہیٹر کا استعمال شروع ہوگیا
مری (آئی این پی ) ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔گلیات اور مری میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آسمان پر گہرے بادلوں کے ڈیرے ہیں، سرد ہواں اور بارش نے موسم سرد اور خوشگوار بنا دیا۔مری آنے والے سیاحوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا جبکہ گھروں اور ہوٹلوں میں انگیٹھیوں اور ہیٹرز کا استعمال بڑھ گیا۔محکمہ موسمیات نے مری اور گلیات میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔دوسری جانب ہری پور سمیت تحصیل خانپور اور غازی میں طویل خشک سالی کے بعد موسم سرما کی پہلی بارش شروع ہو گئی۔ ) چترال، سوات اور پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، بالائی علاقوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی جبکہ موسم سرد ہونے کے باعث شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا۔چترال اپر کے مختلف علاقوں تریچ، کھوت، وادی یارخون، لاسپور اور شندور میں مسلسل برفباری جاری ہے جبکہ مڈک لشٹ، گرم چشمہ، بگوشٹ، گبور، کیار اور سوسوم میں بھی برف پڑ رہی ہے۔ وادی بروغل میں نسبتا زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔لوئر چترال کی کالاش وادیوں کے بالائی مقامات بھی برف کی سفید چادر اوڑھ چکے ہیں جبکہ لواری ٹنل اور کریم آباد کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔