کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کاامکان

تقسیم کار کمپنیوں کابجلی تقریبا 2 روپے فی یونٹ سستی کرنے کیلئے نیپرا سے رجوع،12فروری کوسماعت ہوگی
اسلام آباد (آئی این پی ) کے الیکٹرک سمیت تقسیم کار کمپنیوں نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں تقریبا 2 روپے فی یونٹ کمی کی درخواست کردی، نیپرا 12 فروری کو درخواست پر سماعت کرے گا۔ ذرائع کے مطابق کیپسٹی چارجز میں زبردستی کمی سے بجلی صارفین کوریلیف ملنے کی راہ ہموار ہوگئی، کراچی سمیت ملک بھر کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی ہونے کاامکان ہے۔تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی تقریبا 2 روپے فی یونٹ سستی کرنے کے لیے نیپرا سے رجوع کرلیا، صارفین کو 52 ارب12 کروڑ روپے کے ریلیف کے لیے درخواست نیپرامیں دائر کردی گئی ہے، درخواست رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے۔نیپرا تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر 12 فروری کو سماعت کرے گا۔ نیپرا کے مطابق کیپیسٹی چارجزکی مد میں 50 ارب66 کروڑروپے کی کمی مانگی گئی ہے، ٹرانسمیشن اینڈڈسٹری بیوشن نقصانات کی مد 2 ارب 66 کروڑ روپے کمی کرنے کی درخواست کی گئی ہے جبکہ آپریشنز اینڈ میٹیننس کی مد میں 2 ارب 69 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں۔نیپرا کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2024 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کااطلاق کے الیکڑک پر بھی ہوگا۔