8 فروری کو احتجاج پرامن، آئینی اور بڑا ہوگا: وقاص اکرم

 احتجاج ہمارا حق ،سپیکرآفس پی ٹی آئی اور حکومت کا نمائندہ نہیں سہولت کار ہے
اسلام آباد(آئی این پی) پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 8 فروری کو احتجاج پرامن، آئینی اور بڑا ہوگا۔ ایک انٹرویو میں شیخ وقاص نے کہا کہ صوابی جلسے میں پورا کے پی شرکت کرے گا، تین صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لوگ اپنے شہروں میں احتجاج کرینگے، احتجاج ہمارا حق ہے پتا نہیں لوگ کیوں اتنے پریشان ہیں۔انھوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ کا ہماری حکومت اور ان کی حکومت کا ڈرافٹ مختلف ہے، سپیکرآفس پی ٹی آئی اور حکومت کا نمائندہ نہیں سہولت کار ہے، سیاسی جماعتیں مذاکرات کیلئے کسی آفس کی پابند نہیں ہوتیں، مذاکرات اپنی مرضی سے آزاد ماحول میں ہوتے ہیں۔شیخ وقاص نے کہا کہ جنید اکبر میرے بھائی ہیں، ہم سب بانی پی ٹی آئی کے رشتے سے جڑے ہیں، کے پی کا ورکر سافٹی نہیں مجاہد ہے، ہم نے ہمیشہ اللہ تعالی سے امیدیں لگائیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط جائز ہے، چیف جسٹس کو کردار ادا کرنا چاہیے۔