لاہور(کرائم رپورٹر)سنٹرل پولیس آفس میں نجی فلاحی تنظیم مائل اسٹون اور جاپانی نجی ویلفیئر آرگنائزیشن کے تعاون سے پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں اور غازی اہلکاروں کو وہیل چئیرز دینے کی خصوصی تقریب کا انعقادکیا گیا۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کے 7 سپیشل بچوں اور 3 غازی اہلکاروں میں خصوصی طور پر تیار کردہ وہیل چئیرز تقسیم کیں۔تقریب میں نجی فلاحی تنظیم اور جاپانی ویلفیئر آرگنائزیشن کے عہدیداران شینودا ہیرویوکی، ہیراتا ماسایوکی، کاواہارا ہیروکی، موراتا کینیچی، تاکیچی یوہی اور میاکی یوشیٹیکا نے خصوصی شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے بچوں اور غازی اہلکاروں کی فلاح کے لیے تعاون پر نجی تنظیم کے سی ای او شفیق الرحمٰن اور جاپانی ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کے سپیشل بچے پولیو، فالج اور دیگر امراض کی وجہ سے چلنے پھرنے سے قاصر ہیں جن کے لیے خصوصی وہیل چئیرز تیار کی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس ملازمین کے سیریبل پالسی سمیت مختلف معذوری کا شکار بچوں اور غازی اہلکاروں کو دور دراز سفر کے لیے لفٹ وین کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں۔ تقریب میں پی ایچ پی، لاہور اور ساہیوال کے پولیس ملازمین کے بچوں کے علاوہ نچلے دھڑ سے معذوری کا شکار غازی اہلکار محمد ہاشم، اورنگزیب اور شاہد علی کو بھی خصوصی وہیل چئیرز دی گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے خصوصی بچوں کی فلاح و بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ ’ہمارے پھول‘ پراجیکٹ کے تحت طبی مسائل کا شکار بچوں کو علاج اور مالی معاونت کے لیے وظائف بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وہیل چئیرز کی فراہمی سے ان بچوں کی نقل و حرکت میں بے حد آسانی پیدا ہوگی۔ سی ای او مائل اسٹون شفیق الرحمٰن نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ساتھ مل کر مزید ملازمین کے بچوں کو بھی وہیل چئیرز فراہم کی جائیں گی۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم، اے آئی جی ویلفیئر محمد عبداللہ لک اور اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔